
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے شمال مغربی علاقے میں طوفان بم سے 5لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ۔ اس دوران کئی مکانات تباہ ہوگئے ،جب کہ 2ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ طوفان کے باعث ہمسایہ ملک کینیڈا کو بھی بجلی کی فراہمی میں خلل اور بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا کرنا پڑا۔ واشنگٹن میں تیز ہوائیں چلیں اور موسلا دھار بارش ہوئی جہاں 2افراد ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔ سیاٹل کے قریب درخت گرنے سے ایک اور خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ میپل ویلی میں ایک درخت ٹریلر پر گرنے سے 2افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 96 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے درختوں کو اکھاڑ دیا اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ شدید موسم کی وجہ سے مغربی واشنگٹن کے اسکولوں میں بھی تدریسی عمل متاثر ہوا اور بہت سے اسکولوں نے کلاسیں منسوخ یا ملتوی کر دیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے مطابق واشنگٹن، جنوب مغربی اوریگون اور شمالی کیلیفورنیا میں پانچ لاکھ 30 ہزار سے زائد گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہیں۔ مقامی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں کیونکہ درخت اور بجلی کی لائنیں گرنے سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔
