اترپردیش : بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک کار میں سوار تین افراد گوگل میمس کی رہنمائی پر گاڑی کو ایک نامکمل فلائی اوور پر چلا دی جو حادثے کا سبب بن گئی اس المناک حادثے میں تینوں افراد جان بازی ہار گئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز اس وقت پیش آیا جب دو افراد، وویک اور امت، ایک تیسرے ساتھی کے ساتھ گڑگاؤں سے بریلی شادی میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
راستہ معلوم کرنے کے لیے گوگل میپس کا سہارا لیا گیا، جس نے گاڑی کو ایک ایسے فلائی اوور پر پہنچا دیا جو نامکمل تھا۔ نتیجتاً گاڑی 50 فٹ کی بلندی سے رام گنگا دریا کے کم گہرے پانیوں میں گر گئی۔
مقامی افراد نے اگلی صبح گاڑی کے ملبے اور لاشوں کو دریافت کیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ”رام گنگا دریا میں تباہ شدہ گاڑی ملی، جو ممکنہ طور پر ایک ٹیکسی تھی۔ یہ گاڑی نامکمل پل سے گرتے ہوئے دریا میں جا پہنچی۔ دو افراد کی شناخت وویک اور امت کے نام سے ہو چکی ہے، جب کہ تیسرے شخص کی شناخت جاری ہے۔”
حادثے کے متاثرین کے اہل خانہ نے حکام کو اس واقعے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے سوال اٹھایا کہ فلائی اوور کو نامکمل کیوں چھوڑا گیا اور اس کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں کیوں موجود نہیں تھیں۔
ایک متاثرہ کے رشتہ دار نے کہا کہ “حکام کو اس غفلت کے لیے جواب دہ ہونا چاہیے۔ پل کے نامکمل ہونے کے باوجود وہاں حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟”
اہل خانہ نے تعمیری محکمے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ حادثہ ڈیجیٹل نقشوں کی درستگی اور مکمل طور پر ٹیکنالوجی پر انحصار کرنے کے خطرات پر سوالیہ نشان بن گیا ہے، خاص طور پر جب حفاظتی اقدامات میں غفلت برتی جائے۔

