English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی‘وفاقی وزیر اطلاعات

القمر

 

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لاشوں سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز استعمال کر رہی ہے، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی فوٹیج اور 2019 میں اپنے ہی دور کے ایک واقعہ کی تصاویر کو ڈی چوک سے جوڑ دیا گیا، اپنے احتجاج سے فرار اور شرمندگی چھپانے کے لئے پی ٹی آئی والے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، فیک نیوز، ڈس انفارمیشن اور جھوٹا پروپیگنڈا ان کا وطیرہ ہے، انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی، گرفتار شرپسندوں کا سپیڈی ٹرائل ہوگا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ہفتہ کو سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور پوسٹوں کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں تمام سکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہان، پنجاب اور سندھ حکومتوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز شریک ہوئے۔اجلاس میں ریاست کی طرف سے فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو انتشار اور تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس عبور کر گئی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں، سات ماہ کے اندر کئی ممالک کے وفود پاکستان آئے، پاکستان نے ایس سی او سمٹ کی میزبانی کی، بیلاروس کے صدر آئے، ان کے ساتھ کئی معاہدوں پر دستخط کئے، گزشتہ روز پی آئی اے کے یورپی روٹس کھلنے کی خوشخبری آئی جس سے پی آئی اے کا ریونیو بڑھے گا اور پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا، وزیراعظم کی قیادت میں دن رات محنت ہو رہی ہے، ہمارا ایک ہی مشن ہے کہ پاکستان اور عوام کی ترقی کیسے ہو سکتی ہے، ہمیں جب ملک ملا تو ڈیفالٹ کے دھانے پر تھا، ہم نے الزامات نہیں لگائے، رونا دھونا نہیں کیا، ہم نے ملک کی فلاح و بہبود کی بہتری کے لئے دن رات کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مشن تھا کہ ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے، پیرس میں وزیراعظم کی جب ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات ہوئی تو ایم ڈی آئی ایم ایف کے الفاظ تھے کہ وزیراعظم شہباز شریف آپ نہ ہوتے تو شاید معیشت ٹھیک نہ ہوتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طرف ملک ترقی کر رہا ہے اور دوسری طرف انتشار اور تشدد کی سیاست کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی اب لاشوں پر سیاست کر رہی ہے، کل ان کے رہنمائوں نے پریس کانفرنس کی، پہلے کہا گیا اسنائپر شاٹ مارے گئے، پھر کہا گیا براہ راست فائرنگ کی گئی، تمام ٹی وی چینلز نے ان کو بھاگتے ہوئے دکھایا ہے، ان کی دوڑیں لگی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تین دن گزر چکے ہیں پی ٹی آئی براہ راست فائرنگ یا اسنائپرز کی ایک بھی ویڈیو سامنے نہیں لا سکی۔ انہوں نے کہا کہ پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی ڈیڈ باڈی موصول نہیں ہوئی، افسوس اس بات کا ہے کہ غیر ملکی میڈیا جو تصاویر چلا رہا ہے وہ آرٹیفشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ ہیں، ایک تصویر 2019میں ان کے اپنے دور حکومت کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، یہ فوٹیج ان کے تمام مین ٹویٹر اکائوٹس سے پوسٹ کی گئی، غزہ کے اندر مظلوم فلسطینیوں کے اوپر اسرائیل کی طرف سے مظالم ڈھائے جانے کی فوٹیج کو ڈی چوک کے مظاہرے سے جوڑا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے