دبئی: بنگلادیش نے انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے دی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔ میچ میں پاکستانی ٹیم کے اوپنرز سمیت 4 بیٹر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ مڈل آرڈر بیٹر فرحان یوسف نے 32 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔
قومی ٹیم کے کپتان سعد بیگ18، محمد ریاض اللہ 28، ہارون ارشد 10 اور فہام الحق 8 رنز بناسکے۔بنگلادیش کے اقبال حسین نے 4، معروف مریدا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے دیے ہوئے ٹارگٹ کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم کپتان عزیز الحکیم نے 61 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح یاب کروایا، آؤٹ ہونے والے کلام صدیقی صفر، زواد عباس 17 اور محمد شیلاب 26 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
اُدھر دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
قبل ازیں گروپ مقابلوں میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت سمیت متحدہ عرب امارات اور جاپان کو شکست دی تھی۔سعد بیگ کی کپتانی میں قومی ٹیم اب تک ناقابلِ شکست تھی۔

