کینیڈا کے شہر سارنیا میں ایک سِکھ طالبِ علم کو اُس کے فلیٹ میٹ نے قتل کردیا۔ یہ قتل دونوں کے درمیان کسی بات پر ہونے والے جھگڑے کا نتیجہ تھا۔ پولیس نے 36 سالہ سفید فام کنیڈین باشندے کراسلے ہنٹر کو گرفتار کرلیا۔ اُس پر سیکنڈ ڈگری مرڈر کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
22 سالہ گُراسِس سنگھ کا تعلق بھارتی پنجاب سے تھا اور وہ لیمبٹن کالج میں بزنس مینیجمنٹ کا طالبِ علم تھا۔ فلیٹ میں ساتھ رہنے والے کراسلے ہنٹر نے اُس پر چاقو کے وار کیے جن کی تاب نہ لاتے ہوئے اُس نے دم توڑ دیا۔
سارنیا پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ یکم دسمبر کو علی الصباح رونما ہوا۔ پولیس جب موقع پر پہنچی تب تک گُراسِس سنگھ دم توڑ چکا تھا۔ ہنٹر ویڈیو کے ذریعے کینیڈا کے شہر لندن کی اونٹاریو کورٹ آف جسٹس میں پیش ہوا۔ عدالت نے اُس کے ریمانڈ کی منظوری دے دی۔
اُسے آج رات کسی وقت پھر ویڈیو کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے بتایا کہ گُراسِس سنگھ اور کراسلے ہنٹر کے درمیان کچن میں جھگڑا ہوگیا تھا۔ دی سارنیا پولیس کرمنل انویسٹی گیشنز ڈویژن شواہد جمع کر رہی ہے۔

