English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کنری،ڈی سی عمر کی ہدایت پر اینٹوں کے بھٹوںپر چھاپے

القمر

کنری(جسارت نیوز)ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک کی ہدایت پر کنری سمیت ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کے اینٹوں کے بھٹوں پر چھاپے ، زائد نرخ وصول کرنے پر بھٹہ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد خان بھنگوار نے پولیس اور عملے کے ہمراہ اینٹوں کے مقررہ سرکاری نرخ سے زائد نرخ وصول کرنے پر نبی سر تھر میں اینٹوں کے پانچ بھٹوں پر چھاپے مارے،اسسٹنٹ کمشنر نے زائد نرخ وصول کرنے پر بھٹہ مالکان پر سوا لاکھ روپے کے جرمانے کیے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی سٹھیو نے مختار کار اظہر علی چاچڑ،ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عملے،محکمہ پرائس کنٹرول اور محکمہ اطلاعات کے افسران اور عملے کے ہمراہ تحصیل عمرکوٹ کے مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی سٹھیو نے سرکاری نرخ سے زائد پر اینٹیں فروخت کرنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر اینٹوں کے بھٹہ مالکان پر مجموعی طور پر دو لاکھ پچاس ہزار روپے کا جرمانے عائد کیے جبکہ ایک بھٹہ مالک جئے کمار ولد وادھو مل کا بھٹہ مکمل طور پر سیل کر کے ان پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا جن اینٹوں کے بھٹہ مالکان پر جرمانہ عائد کیے گئے ان میں رتن اوڈ،رانا راجپوت،سلطان ودیگر شامل ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی رٹ کو قائم رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ کارروائی کی گئی ہے تاکہ عوام کو سرکاری نرخ پر اینٹیں دستیاب ہوں،انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ ایک ہزار اینٹوں کا 8300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام اینٹوں کے بھٹہ مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی بھٹیوں پر اینٹیں سرکاری نرخ پر فروخت کریں اور اس نرخ کا بینر واضح طور پر اپنی بھٹی پر آویزاں کریں اور ساتھ ہی اینٹوں کی فروخت کا مکمل ریکارڈ بھی رکھیں اگر کوئی بھی اینٹوں کا بھٹہ مالک سرکاری نرخ پر اینٹیں فروخت نہیں کرے گا یا قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے تین ماہ قید یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف اینٹوں کی بھٹوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور اینٹیں خریدنے والے افراد سے معلومات لیں کہ آیا انہیں سرکاری نرخ پر اینٹیں دستیاب ہو رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے