شہداد پور (نمائندہ جسارت) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور مرکزی ترجمان مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے کہا ہے کہ ہمیں والدین کا ادب اور احترام، لوگوں سے محبت اور انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، صبر و درگزر کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگر کسی سے کوئی غلطی ہوجائے تو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضا کی خاطر اسے معاف کردینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کے زیراہتمام جمال پیراڈائز گرینڈ سٹی میں منعقدہ سنتوں بھرے اجتماع کے ضلع بھر کے مختلف شہروں اور دیہاتوں سے آئے ہزاروں شرکاء سے مدنی بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ نے پتھر کھا کر بھی پھول برسائے اور زیادتی کرنے والوں کو معاف فرمایا، ہمیں بھی ان کی سنتوں پر عمل کرتے ہوئے معاف اور درگزر کردینا چاہیے۔ اجتماع کے اختتام پر ذکر اللہ عزوجل اور درود و سلام کے بعد خصوصی دُعا کی گئی۔ اس کے بعد حاجی عبدالحبیب عطاری نے جمال پیراڈائز کے خوبصورت گرینڈ پارک میں پودا لگایا اور دُعا کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے پریس کلب کے عہدیداران و ممبران سے ملاقات کے دوران مدنی بیان کے بعد کہا کہ دنیا بھر میں دعوت اسلامی کے سوشل میڈیا پر 6 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں، دعوت اسلامی 150 سے زائد ممالک میں دین کا کام کر رہی ہے۔
