
خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کی جھڑپوں میں 9افراد ہلاک ہوگئے۔ خرطوم کی صوبائی وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ریپڈ فورسز نے دارالحکومت کے مغرب میں واقع اْم درمان شہر کے علاقے میں بستیوں کو توپ کے گولوں سے نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 35 افراد زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ 15 اپریل 2023 ء سے، سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان فوجی اصلاحات اور انضمام جیسے مسائل پر اختلاف کی وجہ سے تنازعات موجو دہیں۔ اس جنگ کے خاتمے کے لیے تمام تر کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے نقل مکانی کرنے اور فاقہ کشی ہونے والے سوڈان میں جھڑپوں کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
