راولپنڈی:تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاجی مظاہرے میں قتل و غارتگری کی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی کال سوچ سمجھ کردی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ عمران خان کے سول نافرمانی کے اعلان سے حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے، حکومت برداشت نہیں کر سکے گی، فسطائیت کی انتہا پر معاملات پہنچ گئے، سانس تک نہیں لیا جارہا ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ جو ہمارے پاس جسد خاکی آئے ان کی تعداد 12 ہے، ایسے لوگ ہیں جو متاثر ہیں مگر خوف کے باعث سامنے نہیں آنا چاہ رہے، صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ شرمناک مقدمہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے غلط بیانی کی ہے، 1900 لوگ زخمی ہیں، وہ سامنے نہیں آرہے انہیں جیل میں ڈالے جانے کا ڈر ہے، اعتماد کا فقدان ہے، اس وجہ سے مذاکرات کامیاب نہیں ہو پارہے، بانی پی ٹی آئی کو ریلیز کرنے کے بعد ہی معاملات آگے بڑھیں گے، بار بار ٹریپ کیا جارہا ہے، دھوکہ میں نہیں آئیں گے۔

