کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے۔الیکٹرک کی جانب سے اپنے ذرائع سے مہنگی بجلی کی پیداوار کے اثرات برقرار ہیں، دسمبر میں کے۔الیکٹرک صارفین کے لیے اضافی بوجھ جبکہ ملک کے باقی بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔ رواں ماہ کراچی والے جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 3 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کریں گے جبکہ کے۔ الیکٹرک صارفین کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ میں 20 پیسے فی یونٹ الگ سے ادا کرنے ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے۔الیکٹرک صارفین کو1 ماہانہ اور1 سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ برداشت کرنا ہوگا، تاہم کراچی کے سوا ملک کے باقی بجلی صارفین کو دسمبر میں اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا1 روپے14 پیسے فی یونٹ ریلیف ملے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر کے مہینے میں نیپرا نے مالی سال24ء-2023ء کی چوتھی سہ ماہی کے لیے کپیسٹی چارجز میں تبدیلی، متغیر آپریشن، مینٹیننس، اضافی فروخت پر اضافی وصولی، سسٹم کے استعمال کے چارجز، مارکیٹ آپریٹر فیس اور ترسیل و تقسیم کے نقصانات پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے اثرات کی بنیاد پر 4323 ارب روپے کی مثبت ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا تھا۔ 5 دسمبر کو نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھرکے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی20 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی، یہ منظوری رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی تھی، نیپرا نے جولائی تا ستمبر 2024ء کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ بھی وفاقی حکومت کو بھجوا دیا تھا۔ یاد رہے کہ یہ مسلسل چوتھا مہینہ ہے کہ جب کراچی کے سوا ملک کے باقی صارفین ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ریلیف کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، شہر قائد کے باسی بجلی بلوں کے مسلسل اضافی بوجھ کی زد میں ہیں۔ دسمبر کے مہینے میں ستمبر2024ء کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے۔الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 18 پیسے فی یونٹ کمی بھی ہوگی، تاہم یہ کمی منہا کرکے بھی کے۔الیکٹرک صارفین کو ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں3 روپے5 پیسے فی یونٹ ادا کرنے ہوں گے۔ نومبر میں کے۔الیکٹرک صارفین کے لیے جون2024ء کی ایڈجسٹمنٹ3روپے17 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ اکتوبر میں کے۔الیکٹرک صارفین کے لیے مئی2024ء کی ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ2 روپے59 پیسے اور ستمبر میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا بوجھ 1 روپے فی یونٹ رہا تھا۔
