
کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین کے جنوب مشرقی شہر زاپوریزیا پر روس کے میزائل حملے میں 6افراد ہلاک اور 22دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک نجی کلینک تباہ ہو گیا ، جب کہ ملبے تلے مزید کئی افراد دبے ہوئے ہیں۔ علاقے کے گورنر ایوان فیدوروف نے اپنے بیان میں کہا کہ ملبے تلے دبے مزید 8افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایمرجنسی سروس آف یوکرین نے کہا کہ اس کے امدادی کارکن عمارت کے ملبے کے نیچے سے 2خواتین کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔ کارروائی رات کے وقت کی گئی،جس کے بعد ہنگامی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق روس تواتر سے زاپوریزیا اور اس کے آس پاس کے علاقے پر فضائی حملے کررہاہے ۔ اس سے قبل جمعہ کے روز شہر میں ہونے والے حملے میں 10 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ روس اور یوکرین اپنے حملوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے آئے ہیں۔ فریقین کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ایک دوسرے کی جنگی کوششوں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا ہے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے یوکرین کے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ مزید 12پیٹریاٹ ائر ڈیفنس سسٹم فراہم کریں ،تاہم یوکرین کو فضائی حملوں سے بچایا جاسکے۔ 2022 ء میں روس کے بڑے پیمانے پر حملے کے بعد سے یوکرین مسلسل اپنے اتحادیوں سے جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔ دوسری جانب یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مغربی روس میں تیل کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا ہے جو روسی فوج کے لیے اہم پائپ لائن کو ایندھن فراہم کرتا ہے۔ فوجی ترجمان نے بدھ کے روز کہا کہ رات کے وقت ہونے والے حملے کی وجہ سے برائنسک کے علاقے میں واقع تنصیب میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔ ادھر برائنسک کے گورنر الیگزینڈر بوگوماز نے بھی تسلیم کیا کہ ڈرون حملے کے بعد علاقے میں تیل ڈپو میں آ گ لگی تھی۔
