English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مدارس رجسٹریشن بل پر مثبت پیش رفت،وزیراعظم کی معاملہ حل کرنیکی ہدایت

اسلام آباد: جے یوآئی کے سربراہ مولانافضل الرحمن وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ملاقات میں مدارس رجسٹریشن کی تجاویز پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیرا عظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت قانون معاملہ حل کرنے کے لیے آئین و قانون کے مطابق اقدامات کرے۔ فضل الرحمن اور وزیراعظم کی ملاقات میں عبدالغفور حیدری، کامران مرتضیٰ، راجا پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ شریک تھے۔ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ مدارس سے متعلق بل پر وزیراعظم نے بات چیت کے لیے ملاقات کی دعوت دی، جس میں ہماری سب باتوں کا جواب مثبت آیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے اپنا موقف ملاقات میں دہرایا، ہم نے واضح کیا کہ دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکا ہے‘ اگر صدر نے اعتراض کرنا ہے تو ایک اعتراض ہوچکا جس کا جواب اسپیکر نے دے دیا، صدر مملکت نے جو دوسرا اعتراض بھیجا وہ آئینی طور پر بنتا ہی نہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمارے موقف کا انتہائی مثبت جواب دیا گیا، وزیراعظم نے وزارت قانون کو فوری ہدایات کیں کہ قانون و آئین کے مطابق عملی اقدامات کریں، امید ہے آئین و قانون کے مطابق عملی اقدامات ہمارے مطالبات کے مطابق ہوں گے‘ امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا، شاید اس معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت نہ پڑے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ جمعے کو وزیر اعظم کی زیر صدارت انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ پاکستان کے لیے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتی ہے۔ اجلاس کو یونان کشتی حادثے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے لیے ایسے اہداف مقرر کیے جائیں جن کا حصول جلد از جلد ممکن ہو‘ ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات پر کام تیز کیا جائے‘موثر مارکیٹنگ بیرونی سرمایہ کاروں کو مائل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ جمعے کو وزیراعظم کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تحت جاری منصوبوں اور مختلف اقدامات کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے ملک میں کاروباری سہولت مراکز کی جلد از جلد تعمیر مکمل کرنے اور ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے