لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں اپر سندھ رائس ورکرز یونین کی جانب سے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ لاڑکانہ کے ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر کی ٹیم کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور سرخ جھنڈے اٹھا کر سخت نعرے بازی کی ۔اس موقع پر مزدور رہنماؤں مرتضیٰ کورائی، گدا حسین بروہی، عبدالرزاق بروہی، مختار علی کلہوڑو، اصغر گائنچو، محمد بچل مگسی اور علی اکبر بروہی سمیت دیگر نے کہا کہ سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ لاڑکانہ کے ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر نے صنعتی مزدوروں کی بیٹیوں کے جہیز کے فارم اور بیواؤں کی ڈیتھ گرانٹ کے زیرِ التوا فارم جاری کرنے کے بجائے 104 جعلی فارم بھر کر مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 15 سے 20 ہزار روپے رشوت مانگی جا رہی ہے، اور رشوت نہ دینے کی صورت میں حقیقی مزدوروں کی بیٹیوں کے جہیز اور بیواؤں کے ڈیتھ گرانٹ کے فارم غائب کر دیے گئے ہیں، جن کی رسیدیں ثبوت کے طور پر ان کے پاس موجود ہیں۔ یہ سراسر زیادتی ہے۔ان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نوٹس لے کر سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ لاڑکانہ کے ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو ہٹا کر ایماندار افسران کو مقرر کیا جائے اور بیٹیوں کے جہیز اور بیواؤں کی ڈیتھ گرانٹ کی رقم جاری کر کے مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جائے۔ بصورت دیگر، احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
