English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سودی معیشت تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے،جاوید قصوری

القمر

لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 3ہزار 919ارب روپے کا اضافہ ہو گیا۔حکومت جھوٹے دعووں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔معیشت بحالی حکومتی موجودہ پالیسیوں سے ممکن نہیں۔ پنجاب میں گندم کی کاشت کا ہدف ساڑھے 16 ملین ایکڑ کا تھا مگر صرف 12 ملین ایکڑ رقبے پر گندم کی فصل کی کاشت ہوئی۔پاکستان میں بجلی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں دگنی ہے، اگر بجلی قیمت 9 سینٹ ہوجائے تو ٹیکسٹائل ایکسپورٹ چند سالوں میں دگنی ہوسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک شرح سود کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ سودی معیشت تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی چپقلش اور انتقامی سیاست کو دفن کیے بغیر ملک و قوم کو آگے لے کر نہیں چلا جا سکتا، اس کا خمیازہ قوم نے بھگت لیا ہے۔ ہمارے ہمسایہ ممالک ترقی و خوشحالی میں آگے نکل چکے ہیں، پاکستان جنوبی ایشیاکا سب سے مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔ادارے تباہ اور کرپشن نے نظام کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی میں سب ملک کر اپنا مثبت کر دار ادا کریں۔ کوئی بھی چیز پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔باہمی اختلافات کو ختم کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 76 برسوں سے پاکستان کو جس بے دردی سے لوٹا گیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا۔مسلم لیگ نون اورپیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کرنے کی بجائے تجوریاں بھریں اور ملک و قوم کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ ملک و قوم کے حالات دگر گوں اور حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت معیشت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ظلم و ستم کے اس نظام نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مافیا ز نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ملک و قوم کو انتشار، سیاسی عدم استحکام اورانارکی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان ہے مگر اس سے بھی بڑھ کرسیاسی معاملات میں غیر سیاسی قوتوں کی دخل اندازی اورماورائے آئین و قانون اقدامات نے تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے