حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان کی ہدایت پر نائب صدر شان سہگل نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ’’بحریہ ٹائون کراچی میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں شرکت کی‘‘۔ اس موقع پر نائب صدر شان سہگل نے کہاکہ بنو قابل پروگرام پاکستان میں نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ایک شاندار اقدام ہے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارت سکھا کر ان کے روزگار کے مواقع بڑھاتا ہے اور ملک کی معیشت میں مثبت کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف تکنیکی مہارت فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں ایک روشن مستقبل کی امید اور ہمت بھی دے رہا ہے۔ اِس قسم کے اقدامات سے ایک مضبوط، تخلیقی اور جدید دنیا کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے نسل تیار ہو رہی ہے۔ شان سہگل نے بنو قابل 4.0 کے ذریعے ایک لاکھ نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز میں شامل کرنے کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز اور تربیت فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور یہ پروگرام تربیت سے لے کر ملازمت کے حصول تک ہر مرحلے کا مکمل احاطہ کرتا ہے۔ نائب صدر نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل 4.0 جیسے پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو خود مختار بناتے ہیں بلکہ انہیں بہتر مستقبل کے لیے تیار کرتے ہیں، یہ پاکستان کے خوشحال اور روشن کل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 25.3 ملین بچے جن کی عمر 5 سے 16 سال کے درمیان ہے اسکول سے باہر ہیں، ملک کی اسکول جانے والے عمر کے بچوں کی آبادی کا 36 فیصد بنتے ہیں، سندھ میں یہ تعداد تقریباً 7.63 ملین ہے، جو کہ ایک تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔ ایسے میں ’’بنو قابل‘‘ جیسے پروگرام نوجوانوں کو تعلیم اور تکنیکی مہارتوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوسکتے ہیں یہ پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو جدید آئی ٹی کورسز فراہم کرے گا بلکہ ان کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا جس سے اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی لانے میں مدد ملے گی اور ملک کے تعلیمی بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور نوجوانوں میں مثبت سوچ کا پیغام پھیلائے گاجس سے نوجوانوں میں مایوسی اور منفی سوچ کے خلاف کامیابی حاصل کی جا سکے گی۔
