لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہاہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ بس کریں، خدا کے لئے اب پاکستان کا سوچیں۔۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ہمیشہ تحمل اور برداشت دکھاتے ہیں، خواجہ آصف ایک زیرک سیاستدان ہیں، ان کو چاہیے کہ ایک بار مذاکرات کو بھی موقع دیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ 2 جنوری کو ہم نے پھر حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرت کے لئے بیٹھنا ہے، تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ بس کریں، خدا کے لئے اب پاکستان کا سوچیں۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھاکہ مذاکرات ہماری مجبوری نہ ہی کمزوری ہیں، بات چیت سے قبل فریقین کو اپنی زبان قابو میں رکھنی چاہیے تاکہ گفتگو آگے بڑھ سکے۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا سیاستدان ہے جو امریکا کی منتیں کر رہا ہے کہ مجھے بچاؤ، پہلے یہ شخص کہتا تھا کہ امریکی غلامی نامنظور، اب کہتا ہے مجھے غلامی فوری قبول ہے۔

