گوادر (نمائندہ جسارت) صحت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی مشترکہ کوششوں سے میر عبدالغفور ٹیچنگ اسپتال کو 150 ڈائیلیسز کٹس اور ایک جدید ایمبولینس فراہم کی گئی ہے۔ اس موقع پر ٹیچنگ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے کٹس اور ایمبولینس وصول کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت گوادر کے عوام کے لیے ایک بڑی نعمت ہے، جو گردے کے مریضوں کو علاج میں آسانی فراہم کرے گی اور ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کی فوری منتقلی کو ممکن بنائے گی۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی قیادت میں گوادر میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور صحت کی سہولیات ہر شہری کا لازمی حق ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان شعبوں میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ گوادر کے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں۔ گوادر کے عوام نے اس اہم اقدام پر دونوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ عوام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف مریضوں کی زندگیوں کو آسان بنائے گا بلکہ گوادر میں صحت کے معیار کو بھی بہتر کرے گا۔ یہ ترقیاتی اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ گوادر میں صحت و تعلیم کی بہتری کے لیے مقامی قیادت پوری دلجمعی سے کام کر رہی ہے اور عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
