پشاور (صباح نیوز /اے پی پی) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا‘ جب کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جرگہ ممبر ملک ثواب خان نے بتایا کہ فریقین اپیکس کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، معاملات طے ہوگئے اور تحفظات دور ہوگئے ہیں‘ فریقین کے درمیان معاہدے کا اعلان پشاور گورنر ہائوس میں ہوگا‘ فریقین 14 نکات پر رضا مند ہوگئے۔ فریقین کی جانب سے45، 45 افراد نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق گھروں میں بغیر لائسنس کے اسلحہ نہیں رکھا جائے گا‘ بنکرز اور مورچے ختم اور سڑکوں پر کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی‘ سوشل میڈیا پر دونوں فریقین میں سے پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق ایک اور جرگہ ممبر ملک سید اضغرنے کہا کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیے، انہوں نے بھی تصدیق کی کہ فریقین کے درمیان طے معاہدے کا اعلان پشاور گورنرہائوس میں ہوگا۔
معاہدے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ گھروں میں بغیر لائسنس کے اسلحہ نہیں رکھا جائے گا، دونوں فریقین بنکرز اور مورچے ختم کریں گے جبکہ نقصانات کا ازالہ حکومت کرے گی‘ معاہدے کے مطابق فریقین ایپکس کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں کو تسلیم کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پشاور کے صدر شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ کرم میں قیام امن کے لیے سیز فائر پر اتفاق ہوگیا۔ ایک اور جرگہ ممبر رضا حسین نے کہا کہ اب راستے کھولنے اور قیام امن کے لیے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے۔ ایک جرگہ رکن نے بتایا کہ اب جو شخص بھی معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا‘ اسے حکومت کے حوالے کیا جائے گا، امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لائیں اور فریقین کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں‘ اب فریقین سے اپیل ہے کہ وہ منافرت پھیلانے والے عناصر کو مسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرم امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں ، معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے‘ معاہدہ خوش آئند ہے۔ کرم جرگہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں‘ ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط کیے گئے تھے جبکہ دوسرے فریق نے بدھ کو باقاعدہ طور پر امن معاہدے پردستخط کردیے ہیں‘ زمینی راستوں پر کانوائے بروز ہفتہ روانہ ہوں گے، علاوہ ازیں رات گئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس نے کراچی سمیت ملک بھر میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا۔
