کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ کمرشل عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ لاس اینجلس شہر سے 40 کلومیٹرز دور فلرٹن میونسیپل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا۔فلرٹن کے پولیس حکام نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ حادثے میں 2 افراد مارے گئے جب کہ 10 دیگر افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، علاوہ ازیں 8 افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی۔’
ایک پولیس افسر نے مقامی نیوز چینل کو بتایا کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ حادثے میں مرنے والے افراد طیارے میں موجود تھے یا اس عمارت میں کام کر رہے تھے جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا۔

