ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) بلڑی شاہ کریم کے قریب سجاول روڈ پر وین اور ٹینکر میں ٹکر کے نتیجے میں 15 سے زائد مسافر مرد و خواتین زخمی ہوگئے جنہیں فوری پرائیوٹ گاڑیوں میں بلڑی شاہ کریم رورل ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا، جبکہ 5 مسافروں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں حیدرآباد منتقل کیا گیا ہے، پولیس نے ٹینکر کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ دوسری جانب پیپلز کالونی کے رہائشیوں کی قبضہ مافیا کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رہی۔ پیپلز کالونی کے رہائشیوں ذوہیب جمالی، عظیمی بروہی، ظہور ہالیپوٹو، سکندر سندھی سمیت درجنوں افراد نے ڈرینج اسکیم سون پاری پر قبضے کے خلاف میونسپل آفس کے سامنے بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے متاثرین نے بتایا کہ 50 سال سے ڈرینج اسکیم کے قریب آباد ہیں، بااثر قبضہ مافیا ڈرینج اسکیم پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، ہمیں مسلسل گھروں سے بے دخل کیے جانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، کسی صورت اپنا علاقہ خالی نہیں کریں گے، ہمیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
