اسلام آباد (صباح نیوز) بلوچستان میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں گزشتہ سال اکتوبر میں اغوا ہونے والے3 کشمیری مزدوروں میں سے ایک کو قتل کر دیا گیا ہے۔ کوہالہ آزاد کشمیر کے22 سالہ راجہ قیصرکی لاش کوئٹہ کے ایک اسپتال سے ملی ہے۔ راجہ قیصران تین کشمیری مزدوروں میں سے ایک تھا جنہیں اکتوبر میں بلوچستان میں ایک حملے کے بعد اغوا کر لیا گیا تھا۔ مقتول کو 5 گولیاں ماری گئیں۔ کشمیر میں ہوم سیکرٹری طاہر ممتاز نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ کشمیری مزدوروں
کے اغوا کے بعد کمپنی نے ہمارے ساتھ باضابطہ تو رابطہ نہیں کیا لیکن چونکہ یہ بات ہمارے علم میں آئی تھی اس لیے ہم نے حکومت بلوچستان سے رابطہ کیا تھا کہ یہ ہمارے لوگ ہیں جو اغوا ہوئے ہیں ان کی بازیابی کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ طاہر ممتاز نے بتایا کے بلوچستان کے ہوم سیکرٹری، وزیراعلی اور تمام متعلقہ حکام سے کشمیر کے حکام رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا ابھی بھی ہم باقی دو مغویوں کے لیے رابطے میں ہیں۔ طاہر ممتاز نے بتایا کہ بلوچستان حکومت کو یہ اطلاعات تھیں کہ تعمیراتی کمپنی سے20 کروڑ طلب کیے گئے ہیں اور اس کمپنی نے ہی حکومتِ بلوچستان کو بتایا تھا کہ بی ایل اے نے رابطہ کیا تھا اور تاوان طلب کیا تھا۔
