اسلام آباد : حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بننے یا نہ بننے کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ذیلی کمیٹی کا اجلاس کل اور جمعہ کو دوبارہ ہوگا۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے مطالبات پر تفصیلی طور پر غور کیا ہے اور قانونی رائے بھی لی گئی ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور 28 جنوری کو ہوگا، جس میں اپوزیشن کو حکومت کی جانب سے تحریری جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بننے یا نہ بننے کا سوال ابھی طے نہیں کیا، اسی لیے مشاورت ہو رہی ہے، بہت سے معاملات زیر غور آئیں گے، مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے مطالبات کے جواب کے معاملے میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک انصاف کے تحریری مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، نوید قمر، عبدالعلیم خان، رانا ثناء اللہ، فاروق ستار، اعجازالحق، خالد مگسی اور چودھری سالک حسین بھی شریک تھے۔

