English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک انصاف مذاکراتی عمل پر دوبارہ غور کرے، عرفان صدیقی

اسلام آباد:سینیٹر عرفان صدیقی نے تحریک انصاف کو مذاکراتی عمل نہ چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو جواب دینے کے لیے وقت درکار ہے۔ تحریک انصاف کو اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کنوینر نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے اعلان کو افسوسناک قرار دیا۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ پہلی ملاقات میں یہ طے پایا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کرے گی، لیکن ان مطالبات کو لانے میں انہیں 42 دن لگے۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ حکومت 7 دن کے اندر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے، جو کہ ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے 28 جنوری کی تاریخ دی تھی، وہ چند دن اور انتظار کر سکتے تھے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حکومت کو کمیشن کے قیام کے لیے 7 دن کا وقت دیا تھا، لیکن مقررہ وقت گزرنے کے باوجود کمیشن کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اگر حکومت آج بھی کمیشن کا اعلان نہیں کرتی تو مذاکرات کا سلسلہ ختم کر دیا جائے گا۔

عرفان صدیقی نے اپنی گفتگو میں زور دیا کہ سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہی بہتر راستہ ہے اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر واپس آنا چاہیے تاکہ تمام مسائل آئینی اور قانونی دائرے میں حل کیے جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے