لاہور (نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قمیت میں 7 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے اور 95 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر ظلم اور غریب عوام کا معاشی قتل عام ہے۔پٹرول، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عام آدمی کو مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں تشویشناک ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور سفید پوش طبقہ خون کے آنسوں رونے پر مجبور ہے۔ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ظالمانہ فیصلے کر رہی ہے پٹرول، ڈیزل، توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت مزید بڑھ جائے گی۔ اس وقت کاروبار تباہ حال ہیں، پٹرول،ڈیزل،گیس کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے۔شرح سود پہلے ہی کاروباروں اور صنعتوں کے چلنے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
