لاہور: پنجاب کے میدانی علاقے ایک بار پھر شدید دھند کی زد میں آگئے، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید دھند کے باعث دیگر بڑی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر گاڑی آہستہ چلائیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ
دھند کی واپسی کے ساتھ ہی جاتی سردی کو بھی بریک لگ گئی، جس کے باعث لاہور میں ٹھنڈ دوبارہ بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
فضائی سفر بھی متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار
شدید دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی، جس کے بعد متعدد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، جبکہ کچھ پروازیں منسوخ بھی کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابو ظہبی، دبئی، جدہ اور دوحہ سے لاہور آنے والی کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی دو پروازیں بھی متاثر ہوئیں، لاہور سے جدہ اور دبئی جانے والی کئی پروازیں بھی بروقت روانہ نہ ہو سکیں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ یا متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کریں۔

