سرینگر (اے پی پی) ممتاز آزادی پسندکشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے 41ویں یوم شہادت پر غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں اور رہنمائوں نے دی ہے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام کو محمد مقبول بٹ پر فخر ہے جنہوں نے پھانسی کے پھندے کو چوما لیکن آزادی کے اپنے مطالبے پر سمجھوتا نہیں کیا۔ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 کو کشمیریوں کے مطالبہ حق خودارادیت میں اہم کردار ادا کرنے پر نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں خفیہ طور پر پھانسی دے دی تھی۔ انہیں تہاڑ جیل کے احاطے میںہی سپرد خاک کیا گیا۔ بھارتی حکام نے مقبوضہ علاقے کے عوام کی طرف سے مسلسل مطالبے کے باوجود شہید رہنما کا جسد خاکی مناسب تدفین کیلیے ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کیا۔
