English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا معطلی کی درخواستیں

القمر

اسلام آباد:190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی سزاؤں کی معطلی کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

یہ درخواستیں عدالت کے فیصلے کے تقریباً 2ماہ بعد دائر کی گئی ہیں، جس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تفتیش نامکمل تھی اور جلد بازی میں سزا سنائی گئی۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ساتھ معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ این سی اے کے حکام کو تفتیشی عمل میں شامل نہیں کیا گیا اور استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے عدالت سے استدعا کی کہ 17 جنوری کو سنائی جانے والی سزا کو معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہائی دی جائے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرکزی اپیل کے حتمی فیصلے تک فیصلہ اور سزا معطل کیے جائیں۔

درخواست میں عمران خان اور بشریٰ بی بی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر سزا معطل ہوتی ہے تو وہ اپیل کی ہر سماعت میں موجود رہیں گے۔ یہ درخواستیں بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے