English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جعفر ایکسپریس حادثے کو لیکر پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر ریڈ ہو رہے ہیں: زرتاج گل

القمر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف  (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے الزام عائد کیا ہے کہ جعفر ایکسپریس حادثے کو جواز بنا کر پی ٹی آئی کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا کہ تحریک انصاف کو دہشت گرد بنا کر پیش کرنے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے، حکومت صرف پی ٹی آئی کے پیچھے پڑی ہوئی ہے اور اس سیاسی انتقامی کارروائی کا مقصد ورکرز کو ذہنی دباؤ میں لانا اور پارٹی کے بانی سے دور کرنا ہے۔

پی ٹی آئی ایم این اے نے مزید کہا کہ حکومت کو ملک کے حقیقی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم کا رویہ غیر سنجیدہ ہے اور عوام کا دیا گیا مینڈیٹ حکومت کے ہاتھ میں ایک امانت ہے، جسے وہ ایمانداری سے نہیں نبھا رہے۔

زرتاج گل نے مزید کہا کہ ٹویٹس اور ری ٹویٹس کی بنیاد پر ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو کہ جمہوری اقدار کے خلاف ہے، ملک میں آزادی اظہار کی اجازت ہے یا نہیں؟

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب قوم رمضان کے آخری عشرے کی تیاری کر رہی ہے، تحریک انصاف کے کارکنان عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، حکومت کیسز کے ذریعے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں پر نفسیاتی دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے