English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

القمر

ڈیرہ غازی خان: پنجاب پولیس نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرحدی علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا، تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر رواں ماہ یہ دہشت گردوں کا پانچواں حملہ تھا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سحری کے وقت 10 سے 12 دہشت گردوں نے تین اطراف سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحے کا استعمال کیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی بروقت جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد چیک پوسٹ کے قریب پہنچنے میں ناکام رہے۔

 پولیس نے تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی فوری نشاندہی کی اور دو گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے میں انہیں بھاری نقصان پہنچایا، جس کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔

آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی کمانڈ کی جبکہ ڈی پی او علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیمیں فوری طور پر لکھانی چیک پوسٹ پہنچیں۔

سرحدی علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے مزید نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملے کا بہادری سے جواب دینے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

 پنجاب پولیس دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی اور ہر قیمت پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے