افریقی ملک نائجر کے دیہی قصبے کوکورو میں مسجد پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 44 افراد جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 44 افراد جاں بحق ہو گئے، حملے کے وقت لوگ بڑی تعداد میں مسجد میں نماز ادا کررہے تھے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نائجر میں مسجد پر دہشت گردوں کے حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، حملے میں زخمی ہونے والوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
نائجر کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے مسجد پر دہشتگرد حملے میں جانی نقصان پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے دیہی علاقے کوکورو میں مسجد کو نشانہ بنایا ، دہشت گردوں نے مسجد کو گھیرے میں لینے کے بعد مقامی بازار اور رہائشی مکانات کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔
