English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مصطفیٰ عامر قتل کیس: ملزم ارمغان عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل

القمر

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی ہدایت پر عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم ارمغان کے خلاف مزید تین مقدمات بھی درج ہیں، جن میں بھی اس کی جیل کسٹڈی دی جائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا باقی تین مقدمات میں بھی ملزم کا جسمانی ریمانڈ برقرار ہے؟ اور اس کا میڈیکل کرانے کا جو حکم دیا گیا تھا، وہ مکمل ہوا یا نہیں؟

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کا میڈیکل 20 مارچ کو کرایا گیا، جس کی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کر دی گئی ہے۔ تاہم، ملزم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے 164 کا بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم نے تو خود اعترافِ جرم کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ملزم ارمغان نے جواب دیا کہ وہ بیان ریکارڈ کرانا چاہتا تھا لیکن جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسے منع کر دیا۔

عدالت نے ملزم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “اس دن سے آج آپ کی حالت خاصی بہتر نظر آ رہی ہے۔”

واضح رہے کہ اس سے قبل ملزم ارمغان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اعترافِ جرم سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد مجسٹریٹ نے اسے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے