نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر عوام کو جان بوجھ کر ریلیف سے محروم رکھا ہے۔
اپنے بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی 14 اپریل کو بلوچستان قومی کانفرنس کی میزبانی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سولر بجلی پر پالیسی کون بنا رہا ہے؟ وزیراعظم کو چاہیے کہ سولر بجلی پر ابہام پیدا کرنے والوں کی نشاندہی کریں، حکومتی ناکامیوں کی وجہ سے ریاستی بدانتظامی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ سانحہ جعفر ایکسپریس نے ان مسائل کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت نے چینی مافیا کو 53 ارب روپے سے نوازا ہے، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر عوام کو جان بوجھ کر ریلیف سے محروم رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر تیل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔
