اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کو خط لکھ کر ایوان میں وفاقی وزراء کی غیر حاضری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ڈپٹی اسپیکر نے اپنے خط میں کہا کہ وقفۂ سوالات کے دوران وزراء کی غیر حاضری ایک تشویشناک مسئلہ ہے، جو پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے 20 مارچ کو وزارت توانائی اور وزارت مواصلات کے وزراء اور پارلیمانی سیکریٹریز کی غیر حاضری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رویے کی وجہ سے اہم عوامی مسائل پر بات چیت ممکن نہ ہو سکی۔
خط میں مزید کہا گیا کہ قومی وسائل کے استعمال کے باوجود وزراء کی عدم دلچسپی کے باعث ایوان کی کارروائی بے معنی ہو رہی ہے، جو آئینی اور جمہوری تقاضوں کے منافی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور وزراء کو ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا جائے۔
یہ خط ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پارلیمنٹ میں حکومتی وزراء کی غیر موجودگی پر اپوزیشن جماعتیں بھی مسلسل اعتراضات اٹھا رہی ہیں۔
