تل ابیب: اسرائیل میں چاقو بردار حملہ آور نے ایک فوجی کو شدید زخمی کرنے کے بعد اسلحہ چھین کر ایک کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے پہلے اپنی گاڑی سے ایک فوجی کو ٹکر ماری، پھر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا، حملہ آور نے فوجی کا اسلحہ چھین کر قریب سے گزرنے والی ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کار بے قابو ہو کر بس شیلٹر سے جا ٹکرائی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 85 سالہ موشے ہوران ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا بیٹا محفوظ رہا، موقع پر موجود بارڈر پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا، حملہ آور کی شناخت 25 سالہ کریم جبرین کے نام سے ہوئی، جو عرب اکثریتی قصبے معلے آئرن کا رہائشی تھا۔
خیال رہےکہ چند روز قبل بھی شمالی اسرائیل کے شہر پردیس ہنہ میں ایک فلسطینی حملہ آور نے راہگیروں پر گاڑی چڑھا دی تھی، جس میں ایک بچی ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے میں بھی پولیس نے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا تھا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری وحشیانہ بمباری میں اب تک 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ سوا لاکھ سے زائد زخمی ہیں۔ شہداء میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے بیشتر رہائشی علاقے مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں، جس کے بعد اسرائیلی سرزمین پر انفرادی حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
