آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ ماجدہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئیں، مرحومہ کا انتقال بروز 24 مارچ، 23 رمضان المبارک کو ہوا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی جنرل عاصم منیر سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس غم میں برابر کا شریک ہوں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آرمی چیف اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو حوصلہ دے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے، یہ خاندان کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، اللہ پاک انہیں اس مشکل گھڑی میں حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بھی جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر عطا فرمائے۔
