English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف

القمر

نیو یارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتے ہوئے عالمی امن کے قیام کے لیے تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر آج بھی اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کا منصفانہ اور حتمی حل ابھی باقی ہے۔

 انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور اس دیرینہ تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔

طارق فاطمی نے پاکستان کے عالمی امن مشنز میں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سب سے پرانے اور سرگرم امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے اور وہ اقوام متحدہ کے امن قائم کرنے والے کمیشن کا بانی رکن بھی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک پاکستان 48 مختلف امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد امن اہلکار تعینات کر چکا ہے، جب کہ عالمی امن و سلامتی کی خاطر 181 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اس وقت بھی 3,267 سے زائد پاکستانی مرد و خواتین 7 مختلف اقوام متحدہ امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو عالمی استحکام اور امن کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔

پاکستان کے اس مؤقف کو عالمی سفارتی حلقوں میں خاص توجہ ملی، جب کہ کشمیری عوام کی امیدیں ایک بار پھر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے جُڑ گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے