اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لے لیا۔
میڈیارپورٹس کےمطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ کے دوران اس حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے سفر کے لیے کارآمد نہیں، لہٰذا موجودہ قوانین کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے، اور پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
