اسلام آباد: قومی ایئرلائن کی آڈٹ رپورٹ 2021-23 میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 1118 پروازیں صرف ایک یا دو مسافروں کے ساتھ آپریٹ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق، 816 پروازیں محض ایک مسافر کے ساتھ روانہ ہوئیں جبکہ 302 پروازوں میں صرف دو مسافر موجود تھے۔
آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتہائی کم لوڈ کے باوجود پروازوں کو منسوخ یا ریفنڈ نہ کرنا وسائل کا ضیاع ہے، جس سے قومی ایئرلائن کی کمزور منصوبہ بندی اور ناقص انتظامی فیصلے واضح ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 6 جون 2024 کو یہ معاملہ انتظامیہ کے سامنے رکھا گیا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا، حتیٰ کہ بار بار یاد دہانیوں کے باوجود ڈی اے سی اجلاس بھی منعقد نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ قومی ایئرلائن کو مؤثر فلائٹ پلاننگ اور باقاعدہ کارکردگی کے جائزے کی فوری ضرورت ہے۔
دوسری جانب، قومی ایئرلائن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ آڈٹ پیرا دراصل ایک ڈرافٹ ہے اور اس کا تعلق چارٹر پروازوں سے ہے، کیونکہ عموماً چارٹر پروازیں ایک طرف خالی جاتی ہیں۔