کیوبا ایک بار پھر تاریکی میں ڈوب گیا جہاں ملک بھر کے لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ رواں سال کے دوران پانچواں بڑا بریک ڈاؤن ہے جس نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔
وزارت توانائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی گرڈ کا مکمل رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ مسئلہ انتونیو تھرمو الیکٹرک پاور پلانٹ کے اچانک بند ہونے سے جڑا ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق بجلی کی بندش صبح 9 بجے کے بعد پیش آئی اور اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ پورے سسٹم کو بحال کرنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کیوبا گزشتہ تین دہائیوں سے شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ حالیہ برسوں میں ایندھن کی کمی اور بجلی کے نظام کی خرابی کے باعث بار بار بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ ہو رہے ہیں، حالانکہ ملک میں چینی تعاون سے 30 سولر پارکس بھی تعمیر کیے گئے لیکن مسئلہ بدستور برقرار ہے۔