ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ٹی ایل پی اور پولیس میں شدید جھڑپیں، اسلام آباد و راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند

اسلام آباد : لاہور شہر میں جمعرات کے روز سے  تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور پولیس کے درمیان صورتحال مسلسل کشیدگی جاری ہے جب کہ بدھ کی شب شروع ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے، جن میں تقریباً درجن بھر پولیس اہلکار بھی شامل ہیں،  دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس تاحکمِ ثانی معطل کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق وزارتِ داخلہ  کے ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی منظوری کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو موبائل انٹرنیٹ بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی،  یہ اقدام وفاقی دارالحکومت کی جانب مذہبی جماعت کے اعلان کردہ مارچ کے پیش نظر کیا گیا، جو امریکی سفارتخانے کے باہر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاج کرنا چاہتی تھی۔

حکام نے ٹی ایل پی کو مارچ سے روکنے کے لیے ملتان روڈ پر واقع مرکز کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا جب کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے گئے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے بھی داخلی راستوں پر کنٹینرز رکھوا دیے تاکہ مظاہرین کو دارالحکومت میں داخل ہونے سے روکا جا سکے، پولیس نے 100 سے زائد ٹی ایل پی کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

خیال رہےکہ بدھ کی شب ہونے والی جھڑپوں کے بعد ٹی ایل پی قیادت نے کارکنوں کو اپیل کی کہ وہ جمعے کے روز لاہور پہنچیں تاکہ حتمی کال دی جا سکے، اس اعلان کے بعد پولیس نے صوبے بھر میں سخت سیکیورٹی اقدامات کیے، ملتان روڈ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔

مشتعل کارکنوں نے عارضی مورچے قائم کر کے پولیس پر پتھراؤ کیا اور بعض دکانوں و گاڑیوں کو نقصان پہنچایا،  پولیس نے بھی ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔

واضح رہےکہ  ہلاکتوں کے بارے میں متضاد اطلاعات سامنے آئیں۔ ٹی ایل پی نے دعویٰ کیا کہ اس کے دو کارکن جاں بحق ہوئے جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے اور لاش تنظیم کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ٹی ایل پی نے 50 کارکنوں کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا لیکن پولیس کے مطابق یہ تعداد 7 سے زائد نہیں۔ اب تک درجنوں پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

یاد رہےکہ  امن و امان کی صورتحال کے باعث چوبرجی سے یتیم خانہ چوک تک کے علاقے میں رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے اور فضا میں مسلسل کشیدگی اور خوف برقرار ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں