لاہور:تحرِیک لبِیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر سعد حسین رضوی نے لاہور کی جامع مسجد رحمة العالمین میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت لاہور سے امریکی سفارتخانے تک لانگ مارچ کرے گی۔
سعد رضوی نے کہا کہ اس مارچ میں وہ خود سب سے آگے چلیں گے، اس کے بعد ان کی شوریٰ اور پھر کارکنان پیش قدمی کریں گے۔ انھوں نے کہا گرفتاری، گولی اور شیل کوئی مسئلہ نہیں ہیں، شہادت ہمارا مقدر ہے۔
بی بی سی کے مطابق ٹی ایل پی کے سربراہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کے لیے سفارتخانے مقدس ہیں تو ہمارے لیے بیت المقدس افضل ہے۔ اپنے مال، اپنے خون اور اپنی اولاد سے بھی بیت المقدس ہمیں افضل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت نے کوئی پہل نہیں کی مگر ناموسِ رسالت کے دفاع کے لیے اور اس مرتبہ بیت المقدس کے سبب قدم اٹھایا گیا ہے۔انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ ٹرمپ سے کونسا ہاتھ ملا کر آئے ہیں کہ پاکستان میں فلسطین کے حق میں بات بھی نہیں کرنے دے رہے۔
سعد رضوی نے ڈاکٹر عبدالقدیر کے یومِ وفات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو چاہیے تھا کہ محسن پاکستان کے بنائے ہوئے میزائلوں سے اسرائیل کو جواب دیتے اور انھیں خراج تحسین پیش کرتے۔
امیرِ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ میں ابھی بھی ایسے نوجوان موجود ہیں جو قربانی کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں تو اپنا انجام پتہ ہے مگر گولی چلانے والوں کو اپنا انجام پتہ ہوتا تو وہ گھروں سے نہ نکلتے۔