ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

فلسطینی شہید صحافی مریم ابو دقہ سمیت 7 صحافی ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ کیلیے نامزد

آزادیٔ صحافت کے لیے اپنی جان قربان کرنے والی فلسطینی صحافی مریم ابو دقہ کو عالمی سطح پر ایک بڑے اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔

انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ نے سال 2025 کے ورلڈ پریس فریڈم ہیروز ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 7 نمایاں صحافیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جن میں مریم ابو دقہ کا نام سرفہرست ہے۔

یہ اعلان آزادیٔ اظہار اور بہادری سے حقائق بیان کرنے والے ان صحافیوں کی قربانیوں کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی سچ بولنے کا حوصلہ نہیں چھوڑا۔

انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ایوارڈز 24 اکتوبر کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقد ہونے والی تنظیم کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ مریم ابو دقہ غزہ میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران 25 اگست کو اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہوئی تھیں۔ ان کی شہادت فلسطین میں صحافیوں کے خلاف جاری صہیونی مظالم کی تازہ مثال بن گئی۔

ایوارڈ کے لیے نامزد دیگر صحافیوں میں یوکرین کی وکٹوریہ روشچینا شامل ہیں جو جنگ کے دوران رپورٹنگ کرتے ہوئے جاں بحق ہوئیں جب کہ امریکا سے مارٹن بیرن، پیرو سے گستاوو گوریٹی، ہانگ کانگ سے جمی لائی اور ایتھوپیا سے تسفالم والدیس بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایوارڈ ان صحافیوں کی یادگار ہے جنہوں نے ظلم، جنگ اور سیاسی دباؤ کے باوجود سچائی کا علم بلند رکھا۔ فلسطینی صحافیوں کی جدوجہد، خاص طور پر مریم ابو دقہ کی قربانی دنیا بھر میں آزادیٔ صحافت کی قیمت کا عملی مظہر ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں