پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریک کو باضابطہ طور پر تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر منگل کو پی ٹی آئی کے تمام منتخب اراکین اسمبلی اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے جبکہ 27 دسمبر کو پشاور میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
پشاور میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ان کے لیے نہایت دکھ اور غم کا باعث ہے کیونکہ گزشتہ واقعات میں پرامن کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر گولیاں چلائی گئیں، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال کوئی نئی بات نہیں، لیکن اس تسلسل نے واضح کر دیا ہے کہ کچھ طاقتور حلقے عوام کو محض بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں اور انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے سے روکنا چاہتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے عدلیہ کی موجودہ صورتحال پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ عدلیہ کو عملاً مفلوج کردیا گیا ہے تاکہ آئین و قانون کی بالادستی کمزور ہو، 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات گزر بھی جائیں مگر ان کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہر رکن اسمبلی جس نے عمران خان کا ٹکٹ لے کر انتخابات میں حصہ لیا، اسے ہر صورت منگل کے روز اسلام آباد پہنچ کر احتجاج میں شامل ہونا چاہیے، اور جو موجود نہ ہوگا اسے پارٹی اور کارکنوں کی طرف سے ملامت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ خود بھی ہر جمعرات اڈیالہ جیل جائیں گے اور عمران خان سے ملاقات تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا، 7 دسمبر کو پشاور میں جلسہ ہوگا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی،ہم جانتے ہیں کہ ہمارے خلاف کیا منصوبے بن رہے ہیں، لیکن اس بار ہم کسی کو کارکنوں پر گولیاں چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
