اسلام آباد: ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے پاکستان میں اپنے دورے کے دوران پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے پرخلوص استقبال پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی لاریجانی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان نے ایران کی حمایت کی، جس کے لیے وہ پاکستانی عوام کے بے حد شکر گزار ہیں، ایران اور پاکستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کے لیے بھی تیار ہے۔
علی لاریجانی نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ایران خطے میں امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا، ایران اور پاکستان فلسطین میں قیام امن کے لیے پرعزم ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا پرامن حل نکلے۔
دورے کے دوران علی لاریجانی نے پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، پاکستان اور ایران ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور خطے میں قیام امن کے لیے تمام فریقین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
