اسلام آباد : ایون بالا کا اہم اجلاس آج شام 4 ہوگا، سینیٹ اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس کا آغاز وقفۂ سوالات سے ہوگا، جس میں اراکینِ سینیٹ کے سوالات پر متعلقہ وفاقی وزراء جوابات پیش کریں گے۔
ایجنڈے کے مطابق سینیٹر علی ظفر قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔ یہ رپورٹ مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے 15 جولائی کو اٹھائے گئے صحافیوں کے مسائل پر مبنی ہے۔
اجلاس میں نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل مزید غور کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ وزیرِ قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اس بل کی منظوری کے لیے تحریک پیش کریں گے۔
ایجنڈے میں سابق و موجودہ ارکانِ پارلیمنٹ کے بینک اکاؤنٹس بند ہونے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے، جو سینیٹر جان محمد پیش کریں گے۔ اسی طرح چترال سمیت مختلف علاقوں میں خستہ حال سڑکوں کی بحالی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس سینیٹر طلحہ محمود پیش کریں گے۔
یہ اجلاس اہم قانون سازی، عوامی مسائل اور اراکین کی توجہ طلب معاملات پر بحث کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
