آسٹریلیا: سڈنی کے جنوب مغربی علاقے میں دوران پرواز دو چھوٹے طیارے ایک دوسرے سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا طیارہ محفوظ طریقے سے واپس اتر گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کےمطابق حادثہ نیپیئر فیلڈ ائیر فیلڈ کے قریب پیش آیا۔ ایک طیارہ زمین پر گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور اس میں موجود پائلٹ کی لاش ریسکیو عملے نے طیارے کے ملبے سے نکالی، دوسری جانب دوسرا طیارہ بغیر کسی نقصان کے ہوائی اڈے پر اترا اور اس کا پائلٹ محفوظ رہا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دونوں طیارے فریڈم فارمیشن ڈسپلے ٹیم کے حصہ تھے اور دیگر دو طیاروں کے ساتھ فضائی کرتب دکھانے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا، ابھی یہ واضح نہیں کہ دونوں طیارے کس وجہ سے آپس میں ٹکرائے۔
حادثے کے بعد علاقے کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور مقامی لوگوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ریسکیو اور تحقیقاتی ٹیمیں بغیر کسی رکاوٹ کے کام کر سکیں۔
آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے اس حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ٹکراؤ کی وجوہات اور حفاظتی اقدامات کا تعین کیا جا سکے۔
حکام نے عوام اور فضائی شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثے کے بارے میں افواہوں پر یقین نہ کریں اور تحقیقات کے حتمی نتائج کا انتظار کریں۔
