کیلیفورنیا کے شہر اسٹاکٹن میں بچوں کی سالگرہ کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب ایک اسٹرپ مال میں واقع آئس کریم شاپ پر نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور چودہ زخمی ہوگئے، واقعہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً چھ بجے پیش آیا، جب اہلِ خانہ اور بچے ایک نجی تقریب میں مصروف تھے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب اچانک گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھی اور شرکاء میں بھگدڑ مچ گئی لوگ اپنی جان بچانے کے لیے میزوں اور کاونٹرز کے پیچھے چھپنے پر مجبور ہوگئے جبکہ کچھ نے زخمیوں کو فوراً باہر نکال کر مدد کے لیے ایمبولینس کو کال کی، کئی والدین اپنے بچوں کو اٹھائے خوفزدہ حالت میں روتے ہوئے اسٹرپ مال سے باہر نکلتے دکھائی دیے۔
سان جواکن کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے تصدیق کی کہ فائرنگ کرنے والے ایک سے زیادہ افراد تھے جنہوں نے تقریب کو خاص طور پر نشانہ بنایا یا نہیں، اس حوالے سے تفتیش جاری ہے، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور ابھی تک کسی مشتبہ شخص کی شناخت سامنے نہیں آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر کے فارنزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ آس پاس کی دکانوں اور عمارتوں کے سکیورٹی کیمرے بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
ابتدائی بیانات میں پولیس نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ کمیونٹی کے لیے ایک المناک دن ثابت ہوا ہے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا ہے، جہاں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مقامی رہائشیوں نے واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔
امریکی ریاستوں میں اجتماعی فائرنگ کے واقعات پہلے ہی تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں، اور اسٹاکٹن میں پیش آنے والا یہ واقعہ دوبارہ اس مسئلے کو نمایاں کرتا ہے کہ عوامی مقامات، خاندانوں اور بچوں کی تقریبات بھی محفوظ نہیں رہیں۔
