English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایئرپورٹ پر امیگریشن عملے کی کمی، مسافروں کی لمبی قطاریں اور پروازوں میں تاخیر کا خدشہ

القمر

اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کے محدود عملے اور کاؤنٹرز کی بندش کے باعث بیرون ملک جانے والے مسافروں کو طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جس سے پروازوں میں تاخیر کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ مسافروں نے انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بد انتظامی کے سبب امیگریشن کاؤنٹرز پر رش بڑھ گیا ہے، ایئرپورٹ پر کل 15 کاؤنٹرز اور 30 پوزیشنز موجود ہیں، مگر ایف آئی اے نے صرف 6 کاؤنٹرز فعال رکھے ہیں، جس سے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور انہیں غیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عملے کی کمی کے باعث بیرون ملک روانہ ہونے والے مسافر غیر ضروری پریشانی میں مبتلا ہیں،  اس صورتحال میں امیگریشن کے کاؤنٹرز پر رش بڑھنے کے باعث پروازوں کے شیڈول متاثر ہونے کا امکان ہے جبکہ بعض پروازوں کے تاخیر کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس سے اہلکار طلب کرنے پر غور شروع کر دیا ہے،  ان اہلکاروں کو ڈیپوٹیشن کے تحت تعینات کیا جائے گا اور مناسب تربیت کے بعد امیگریشن کاؤنٹرز پر کام کرنے کے لیے فراہم کیا جائے گا۔

مسافروں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے ایئرپورٹ پر سفر کرنا مشکل ہو گیا ہے اور انتظامیہ کو فوری طور پر عملے کی کمی دور کر کے کاؤنٹرز کو فعال کرنا چاہیے تاکہ رش اور تاخیر کے مسائل کم کیے جا سکیں۔

واضح رہے کہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت اور پروازوں کے بروقت روانگی کے لیے امیگریشن عملے کی تعداد اور کاؤنٹرز کی فعال موجودگی انتہائی اہم ہے، تاہم حالیہ بد انتظامی کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے