English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مس انفارمیشن سب سے بڑا چیلنج ہے، سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال ضروری ہے: عطاء اللہ تارڑ

القمر

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں مس انفارمیشن سب سے بڑا چیلنج ہے اور سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال ہر فرد کے لیے ضروری ہے۔

نیشنل سائبر سکیورٹی کی اختتامی تقریب سے خطاب میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان میں 11 کروڑ 70 لاکھ سے زائد انٹرنیٹ صارفین، 14 کروڑ 80 لاکھ موبائل براڈ بینڈ صارفین اور 7 کروڑ 90 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین موجود ہیں، جس سے سائبر اسپیس کے تحفظ کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔

وزیر نے ڈیجیٹل امیگرینٹس اور ڈیجیٹل نیٹیوز کے فرق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال اور ڈیجیٹل خواندگی کی کمی سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے اثرات کی مثال دیتے ہوئے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیا، جس میں جعلی خبریں بغیر شواہد کے پاکستان سے منسلک کی گئیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی تیز رفتار ترقی نے ایک خلا پیدا کر دیا ہے، جس کے لیے فوری ریگولیٹری اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت نے اس سلسلے میں وزارت اطلاعات میں پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا اور فیکٹ چیک یونٹ کے ذریعے جعلی خبروں کی نشاندہی اور تصدیق کے اقدامات شروع کیے ہیں۔

وزیر نے اے آئی کے استعمال اور اس کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی، بتایا کہ کئی پیشے متاثر ہو رہے ہیں، جس کے لیے توازن اور آگاہی ضروری ہے۔

انہوں نے ٹک ٹاک کے اقدام کو سراہا جس نے اے آئی مواد کے لیے لیبلنگ متعارف کرائی اور کہا کہ دیگر پلیٹ فارمز کو بھی ایسا کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اختتام میں کہا کہ درست حکمت عملی، تعاون اور آگاہی کے ذریعے پاکستان مس انفارمیشن اور سائبر سکیورٹی کے چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ سکتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے