English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت نے دریائے جہلم اور چناب کا پانی روک کر سندھ طاس معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کر دی

القمر

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر آبی جارحیت سامنے آگئی ہے اور چناب کے بعد دریائے جہلم کا پانی روکنے کی اطلاعات نے پاکستان میں تشویش کی نئی لہر پیدا کر دی ہے،  آبی ماہرین اور متعلقہ اداروں نے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے براہ راست خطرہ بھی بنتا ہے۔

سیالکوٹ کے مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں دریائے چناب کا بہاؤ کم ہو کر 9 ہزار 678 کیوسک رہ گیا جبکہ گزشتہ روز تک یہ بہاؤ 12 ہزار 829 کیوسک تھا۔

محکمہ انہار کے مطابق پانی کی کمی کا سلسلہ برقرار ہے اور مرالہ راوی لنک نہر مکمل طور پر خشک ہو چکی ہے، جبکہ اپر چناب نہر میں بہاؤ معمول سے کئی گنا کم ہے۔

پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے بتایا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدام پر تحریری اعتراضات ارسال کر دیے گئے ہیں اور دریائے جہلم کی صورتحال کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، بھارت جس مقام پر بھی پانی روکے گا، پاکستان سفارتی اور قانونی سطح پر اس کے خلاف آواز اٹھائے گا۔

ماہرین کے مطابق پانی کی اس کمی کے باعث پنجاب کی لاکھوں ایکڑ اراضی بنجر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بیراجوں اور نہری نظام پر اس کے فوری اثرات مرتب ہونے شروع ہو چکے ہیں۔ انڈس واٹر کمیشن نے عالمی ثالثی عدالت تک جانے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ بھارت کی خلاف ورزیوں کو قانونی سطح پر چیلنج کیا جا سکے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے بھی حالیہ بھارتی اقدامات کو یکطرفہ اور عالمی قوانین سے متصادم قرار دیتے ہوئے سندھی طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر اظہار تشویش کیا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے